عراق و شام میں بے گھر افراد کی تعداد 13.6 ملین ہو گئی

جنیوا۔ 12 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ کے ذیلی ادارہ یو این ایچ سی آر نے کہا ہے کہ شام اور عراق میں جاری بحران کے نتیجے میں بے گھر ہونے والوں کی تعداد 13.6 ملین تک جا پہنچی ہے، جو لندن کی آبادی کے برابر بنتی ہے۔ گزشتہ روز مہاجرین کیلئے سرگرم ادارہ نے سرما کے آغاز پر خبردار کیا ہے کہ بہت سے بے گھر افراد بنیادی ضروریات سے محروم ہیں، جس کی وجہ سے ایک تباہ کن صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ شام کے اندر بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد 7.2 ملین ہے جبکہ 3.3 ملین شامی باشندے خانہ جنگی کی وجہ سے بیرون ممالک فرار ہونے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ اسلامک اسٹیٹ کی کارروائیوں اور قبائلی جھڑپوں کی وجہ سے عراق میں رواں برس بے گھر ہونے والوں کی تعداد 1.9 ملین بنتی ہے جبکہ ایک ملین عراقی شہری پہلے ہی بے گھر تھے۔

بغداد میں دھماکے، 17 ہلاکتیں
بغداد ۔ 12 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مشتبہ سنی عسکریت پسندوں نے آج بغداد کے اطراف و اکناف حملے کرتے ہوئے 17 افراد بشمول 11 فوجیوں اور پولیس والوں کو ہلاک کردیا اور تقریباً 40 دیگر کو تین علحدہ کارروائیوں میں زخمی بھی کیا ہے۔ان حملوں میں دو خودکش بمباریاں شامل ہیں۔ پولیس اور اسپتالی عہدیداروں کے مطابق آج کا بڑا حملہ بغداد کے جنوبی ضلع یوسفیہ میں پیش آیا جہاں خودکش کار بمبار نے آرمی چیک پوائنٹ کو نشانہ بنایا اور وہاں 7 سپاہی ہلاک ہوئے۔