عراق میں کار بم دھماکے، 33 ہلاک

بغداد ۔ 18 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) عراقی دارالحکومت کے تجارتی علاقہ آج کار بم دھماکوں کی ایک تازہ ترین لہر سے دہل گئے جس کے نتیجہ میں کم سے کم 33 افراد ہلاک اور دیگر درجنوں زخمی ہوگئے۔ عہدیداروں نے شبہ ظاہر کیا ہیکہ یہ دہشت گردوں کا تازہ ترین مربوط حملہ تھا۔ یہ دھماکے ایک ایسے وقت ہوئے جب شعلہ بیان شیعہ عالم دین مقتداء الصدر ایک ٹیلی ویژن انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم نوری المالکی کو سخت تنقید کا نشانہ بنارہے تھے۔ مقتداء الصدر نے سیاست سے سبکدوش ہونے اپنے اعلان کا اعادہ بھی کیا۔ بغداد اور اطراف کے علاقوں میں آج ہوئے طاقتور کار بم دھماکوں کی ذمہ داری تاحال کسی بھی گروپ نے قبول نہیں کی ہے لیکن القاعدہ کا ایک علحدہ شدہ گروپ بالعموم تجارتی مقامات، بس اسٹیشنوں اور دیگر عوامی مقامات کو اس قسم کے حملوں کا نشانہ بنایا کرتا ہے جس کا مقصد ملک میں امن و سلامتی بحال کرنے حکومت کی کوششوں کو درہم برہم کرنا ہوتا ہے۔ بغداد میں 4 کار بم دھماکوں کے نتیجہ میں کم سے کم 17 افراد ہلاک اور دیگر 49 زخمی ہوئے، جس میں سب سے مہلک ترین دھماکہ بس اسٹیشن میں ہوا جہاں 7 ہلاک اور دیگر 18 زخمی ہوگئے۔

بحرین شاہ کے اولین دورہ ہند میں تجارتی تعلقات میں اضافہ کا خواہاں
مناما 18 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)بحرین کے شاہ حمد الخلیفہ تیل کی دولت سے مالا مال ملک کے ہندوستان کے ساتھ دیرینہ تجارتی تعلقات میں اضافہ کے خواہاں ہے اور اپنے پہلے دورہ ہند کے موقع پر تمام شعبوں میں تعوان کی نئی راہیں کھولیں گے ۔ اپنے تین روزہ دورہ میں دونوں ممالک تازہ ترین علاقائی اور عالمی تبدیلیوں اور باہمی دلچسپی کے مسائل پر تبادلہ خیال بھی کریں گے۔