عراق میں چھ دھماکے ، چار افراد ہلاک

بغداد، 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عراق کے شمالی شہر کرکوک میں جمعرات کی شام کو چھ دھماکے ہوئے جس میں کم از کم چار افراد ہلاک ہو گئے اور 20 دیگر زخمی ہو گئے ۔عراقی فوج کی مشترکہ فوجی مہم کمان کے میڈیا دفتر نے ایک بیان جاری کر کے یہ اطلاع دی۔ یہ دھماکے کرکوک شہر کی اہم گلیوں میں ہوئے ۔ کرکوک شہر دارالحکومت بغداد سے تقریبا 250 کلومیٹر کی دور ی پر واقع ہے ۔صوبائی پولیس کے افسر عمار الزبیری نے بتایا کہ تازہ رپورٹ کے مطابق ان دھماکوں میں چار افراد کے ہلاک اور 20 دیگر افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔مسٹر الزبیری نے ان دھماکوں میں ایک پولیس اہلکار کے مارے جانے جبکہ چار دیگر کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے ۔