عراق میں پرتشدد واقعات جاری ،21 افر ادہلاک

بغداد ۔ 6 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) عراقی دارالحکومت بغداد اور متعدد سکیورٹی چیک پوسٹوں پر کئے گئے حملوں اور بم دھماکوں میں 21 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ بم حملوں کا نشانہ بغداد کے شیعہ علاقے تھے۔ چہارشنبہ کو سات کار بم حملوں کے علاوہ سڑک کنارے رکھے گئے دو بموں کے دھماکے بھی ہوئے۔ بغداد کے چھ مختلف علاقوں میں بم دھماکوں کی اطلاع ملی۔ ان مختلف بم دھماکوں میں چودہ افراد ہلاک اور دیگر 70 زخمی بتائے گئے ہیں۔ بغداد کے ضلع کرّادہ کی ٹکنالوجی یونیورسٹی میں کار بم حملے میں تین ہلاکتوں کے علاوہ ایک درجن زخمی ہوئے۔ بعقوبہ میں ایک بس پر کی گئی فائرنگ میں پیش آئی ہلاکتوں میں ایک ہندوستانی خاتون بھی شامل ہے۔

تیونس میں ایمرجنسی برخاست
تیونس۔ 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر تیونس مونکیف مرزوقی نے 2011ء میں شروع ہوئے ’’بہار عرب‘‘ کے بعد نافذ ایمرجنسی برخاست کردی۔ صدر اور کمانڈر اِن چیف مسلح افواج نے ایک حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ 5 مارچ بروز چہارشنبہ 2014ء سے سارے ملک میں عائد ایمرجنسی برخاست کی جارہی ہے۔