عراق میں پانچ انتخابی عہدیداروں کے خلاف مقدمہ

بغداد 28 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) عراق میں پانچ الیکشن عہدیداروں کے خلاف مقدمہ چلایا جائیگا جن پر انتخابی دھوکہ دہی میں ملوث ہونے کا الزام ہے ۔ عراق میں ماہ مئی میں انتخابات ہوئے تھے ۔ عدلیہ کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ جج لیث حمزہ نے کہا کہ مشتبہ افراد الیکشن دفاتر کے سربراہ تھے جو صوبہ صلاح الدین ‘ کرکک اور عنبر میں خدمات انجام دے رہے تھے ۔ اس کے علاوہ انہیں پڑوسی اردن اور ترکی میں انتخابات پرنظر رکھنے کی ذمہ داری بھی سونپی گئی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ تمام تینوں عہدیداروں کو برطرف کردیا گیا ہے اور اب انہیں انتخابی دھوکہ دہی کے الزام میں عدالتوں میں پیش کیا جائیگا ۔ کہا گیا ہے کہ ایک وزارتی گروپ نے بعد تحقیقات ان عہدیداروں کے خلاف مقدمہ چلانے کی سفارش کی تھی جسے قبول کرلیا گیا ۔

مصر میں 75 افراد کو سزائے موت
قاہرہ 28 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) مصر کے سرکاری میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ ملک کی ایک عدالت نے 75 افراد کو سزائے موت سنائی ہے جس میں اخوان المسلمین کے کچھ اعلی قائدین بھی شامل ہیں۔ کہا گیا ہے کہ یہ سزائیں 2013 کے سٹ ان احتجاج کے مقدمہ میں سنائی گئی ہیں۔ آج قاہرہ فوجداری عدالت کی جانب سے سنائے گئے فیصلے کو اب مصر کے مفتی اعظم سے رجوع کیا جائیگا تاکہ ان کی رائے حاصل کی جاسکے ۔ عموما مفتی اعظم ایسی سزاوں کی توثیق کردیتے ہیں۔