عراق میں شیعہ ملیشیاء کو قانونی موقف مقتدی الصدر اصلاحات میں مصروف

بغداد ۔ 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) عراقی پارلیمنٹ کی جانب سے پاپولر موبیلائزیشن ملیشیا کو قانونی شکل دیے جانے کے ایک روز بعد ہی الصدری گروپ کے سربراہ مقتدی الصدر مذکورہ قانون کے نفاذ کے کے حوالے سے اصلاحی طریقہ کار کی تشہیر کے واسطے سرگرم ہو گئے۔ اس سلسلے الصدری گروپ کے ایک وفد نے ملیشیاؤں کے عمل کو منظم کرنے سے متعلق اصلاحات پر مشتمل کاغذ اتوار کے روز عراقی صدر فؤاد معصوم اور پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری کے حوالے کیا۔دوسری جانب الجبوری کا کہنا ہے کہ حالیہ مرحلہ تمام فریقوں سے اس امر کا تقاضہ کرتا ہے کہ جامع قومی مصالحت اور ملک میں امن و امان کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے کوششوں کو متحد کیا جائے۔واضح رہے کہ عراقی پارلیمنٹ نے ہفتے کے روز ووٹنگ کے ذریعے پاپولر موبیلائزیشن ملیشیا کو عراقی فوج میں ضم کرنے کی غالب اکثریت سے منظوری دے دی تھی۔