بغداد 29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) عراق کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش نے آج حالات مزید خراب کردیئے جہاں ہر طرف افراتفری کا عالم دیکھا گیا کیوں کہ گھٹنوں سے اوپر تک پانی میں ڈوبی سڑکیں ٹریفک بہاؤ کے لئے وبال جان بن چکی ہیں۔ بغداد کے بعض علاقوں میں مکانات زیرآب آگئے جن میں کچھ مقامات ایسے تھے جہاں بے گھر افراد کو ٹھہرایا گیا تھا۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ طوفانی ہواؤں کے جھکڑ کل شام سے ہی چلنا شروع ہوگئے تھے جو انتہائی ہولناک تھے حالانکہ موسم گرما اب کی بار کافی طویل رہا تھا اور کسی نے بھی اس طرح اچانک موسلا دھار بارش کی توقع نہیں کی تھی۔ البتہ کسی بھی مقام سے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ جبکہ محکمہ موسمیات نے کل اور آئندہ ہفتہ کے لئے گرج اور چمک کے ساتھ بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔