عراق میں شدت پسند اپنے ہی بم کا شکار، 21 ہلاک

بغداد ، 11 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) عراق میں حکام نے بتایا ہے کہ ایک کار بم غلطی سے پھٹ جانے کی وجہ سے 21 شدت پسند مارے گئے۔ سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ یہ دھماکہ سامرا شہر سے تقریبا 20 کلومیٹر دور ایک سڑک پر ہوا۔ جب یہ حادثہ ہوا اس وقت دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی شدت پسندوں کے علاقے سے مرکزی سڑک پر لے جائی جا رہی تھی۔ سامرا سنی اکثریتی علاقہ ہے ۔ حکومت کے حامی سنی جنگجوؤں کے ایک گروپ کے سربراہ نے بتایا کہ جب دھماکہ ہوا

اس وقت شدت پسند ممکنہ خود کش حملہ آوروں کی تشہیر کیلئے ویڈیو فلم بنا رہے تھے۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ دھماکے کی آواز سن کر جب سکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچیں تو وہاں سے 12 شدت پسند زخمی حالت میں اور دس دیگر مشتبہ شدت پسند فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار ہوئے۔