بغداد ۔ 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری نے مشرق وسطیٰ ممالک کو آج عراق میں نئی فوجی کارروائی کے خلاف خبردار کیا ہے جس کے نتیجہ میں پہلے سے کشیدہ مسلکی تقسیم مزید بڑھ جائے گی۔ آج یہ اطلاع ملی ہیکہ شام نے سرحد پار فضائی حملے شروع کردیئے ہیں اور ایران کے نگران کار ڈرون طیارے پڑوسی ملک پر پرواز کرتے دیکھے گئے۔ عراق کے ایک سینئر فوجی عہدیدار نے قائم ٹاؤن میں سرحد کے قریب شامی جنگی طیاروں کی جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر بمباری کی توثیق کی۔ امریکی عہدیداروں نے کہا کہ یہ حملے ایسا لگتا ہیکہ صدر شام بشارالاسد حکومت کی کارستانی ہے۔ اس کا نشانہ آئی ایس آئی ایل ہے۔
جان کیری نے ناٹو ممالک کے سفارتکاروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس علاقہ میں ہر ایک کو واضح کردیا ہیکہ مسلکی تشدد میں مزید اضافہ نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عراق کی فوج اپنے ملک کا دفاع کرسکتی ہے اور اسے بیرونی افواج پر اکتفا کرنے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امریکہ اپنے 300 فوجی مشیر روانہ کررہا ہے۔ جان کیری جمعہ کو سعودی عرب جائیں گے جہاں وہ ملک عبداللہ سے عراق میں جاری بحران پر بات چیت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ صدر بارک اوباما نے انہیں سعودی عرب جانے کی ہدایت دی ہے تاکہ علاقائی مسائل پر بات چیت کی جاسکے۔