عراق میں سلسلہ وار دھماکے 27 ہلاک

بغداد ۔ 28 فبروری۔(سیاست ڈاٹ کام) عراقی دارالحکومت کے شمال میں ایک پرہجوم مارکٹ اور شیعہ چھاپہ ماروں کے تلاشی مرکز کے قریب آج سلسلہ وار کار بم دھماکوں میں کم سے کم 27 افراد ہلاک اور دیگر 65 زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے کہاکہ بلارز کے پرہجوم مارکٹ میں آج صبح پہلا بم دھماکہ ہوا جس کے چند منٹ بعد دوسرا کار بم دھماکہ ہوا جس میں وہ افراد نشانہ بنے جو پہلے دھماکہ کا مقام دیکھنے کیلئے جمع ہوئے تھے ۔ پولیس اور دواخانہ کے عہدیداروں نے کہاکہ ان دھماکوں میں 11 ا فراد ہلاک اور دیگر 50 زخمی ہوئے ۔ بعد ازاں ایک خودکش بمبار نے دھماکہ خیز مواد سے لدی اپنی کار شیعہ چھاپہ ماروں کے زیرنگرانی ایک تلاشی مرکز میں گھسادیا۔ یہ مرکز سمارہ میں واقع ہے جہاں یہ چھاپہ مار اسلامک اسٹیٹ ( داعش ) کے جنگجوؤں سے لڑ رہے ہیں۔ اس دھماکہ میں کم سے کم آٹھ چھاپہ مار ہلاک اور دیگر 15زخمی ہوگئے ۔ سمارہ اور اس کے اطراف کے علاقہ داعش کے حملوں کا مسلسل نشانہ بن رہے ہیں۔ پولیس نے کہا ہے کہ ان دھماکوں کے بعد عراقی سکیورٹی فورسیس اور داعش کے عسکریت پسندوں کے درمیان لڑائی چھڑگئی ہے ۔