عراق میں دہشت گردی کے 26 مجرمین کو پھانسی

بغداد۔ 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عراق کی وزارت انصاف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے الزامات پر جرم ثابت ہوجانے کے بعد 26 قیدیوں کو پھانسی پر چڑھا دیا گیا جو تمام عراقی شہری تھے۔ وزارت انصاف کے ویب سائیٹ پر آج جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام 26 مجرمین کو اتوار کے روز پھانسی پر لٹکا دیا گیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تمام مشتبہ افراد، عراقی عوام کے خلاف بدنما دہشت گرد حملوں کے جرم کے مرتکب پائے گئے تھے۔ وزیر انصاف حسن الشمری کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ بغداد میں القاعدہ کے سابق مخالف عادل المشہادانی کو جو سنی لیڈر بھی تھے ، پھانسی پر لٹکایا گیا ہے جنہیں اغوا اور قتل کے الزامات کے تحت چلائے گئے مقدمہ میں 2009ء کے دوران سزائے موت دی گئی تھی۔