عراق میں دو بم حملے، شیعہ زائرین اور احتجاجی عوام نشانہ، 20 ہلاک

کرکک۔ 25 ۔ جون (اے ایف پی) عراق میں احتجاجیوں اور زائرین کو نشانہ بناتے ہوئے دو بم حملے کئے گئے جس میں 20 افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ کارروائی ایسے وقت کی گئی جبکہ ایک دن قبل ہی سارے عراق میں پیش آئے متواتر بم دھماکوں میں 42 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ کسی بھی گروپ نے ان حملوں کی فوری ذمہ داری قبول نہیں کی لیکن القاعدہ سے تعلق رکھنے والے سنی دہشت گرد عام طور پر شیعہ مسلمانوں کو اس طرح کا نشانہ بنایا کرتے ہیں ۔ آج پہلا حملہ احتجاجیوں سے بھرے ہوئے خیمے میں کیا گیا جس میں 11 افراد ہلاک اور 55 زخمی ہوگئے ۔ حملہ آوروں نے نسلی طور پر ملی جلی آبادی والے ٹاؤن توزخرماتو میں یہ حملہ کیا ۔ یہاں لوگ ناقص سیکوریٹی پر احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے ۔ اس کے علاوہ کربلا میں شیعہ زائرین کو لیجارہی منی بس کو بم حملہ کا نشانہ بنایا جس میں پانچ افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔