بغداد۔13اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) عراق کے شمالی شہر میں آج ایک تجارتی علاقہ کو بم حملے کا نشانہ بنایا گیا جس میں 10 افراد ہلاک ہوگئے ۔ اس کے علاوہ ایک اور علحدہ بم دھماکے میں 6 افراد ہلاک ہوئے ۔ پولیس سربراہ بیستون رشید نے کہا کہ خودکش بم بردار نے دھماکو مادوں سے بھری ہوئی گاڑی قصبہ دیبیز کی ایک فوجی چوکی سے ٹکرادی۔ یہ قصبہ شہر کِرکک سے 290کلومیٹر کے فاصلہ پربغداد کے شمال میں واقع ہے ۔ کرنل رشید نے کہا کہ حملہ میں دیگر 15افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔ مہلوکین میں شہری بھی شامل ہیں لیکن ہلاکتوں کی قطعی تعداد فوری طور پر دستیاب نہیں ہے ۔ کسی بھی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری ہنوزقبول نہیںکی ہے ‘ تاہم القاعدہ کی علحدہ شدہ شاخ جو عراق میں سرگرم ہے اکثر خودکش حملے کیا کرتی ہے ۔ سنی شورش پسند گروپ نے گذشتہ سال سے ملک گیر سطح پر حملوں میں شدت پید کردی ہے ‘ تاکہ شیعہ زیرقیادت حکومت کی صیانت برقرار رکھنے کی کوششوں کی اہمیت کم کی جاسکے ۔