بغداد ، 5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) عراق میں سرگرم اسلامک اسٹیٹ کے جہادیوں نے اپنی تازہ کارروائیوں میں چار صحافیوں سمیت درجنوں دیگر افراد کو بھی ہلاک کر دیا ہے۔ دوسری طرف ان جہادیوں پر امریکہ اور اتحادی ممالک فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے موصل کی اطلاعات کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان جہادیوں نے مخالف قبائل کے درجنوں افراد سمیت چار صحافیوں کو بھی موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔ ان شدت پسندوں نے گزشتہ ماہ ہی بارہ صحافیوں کو اغوا کیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق اسلامک اسٹیٹ کے جنگجوؤں نے جون میں موصل پر قبضہ حاصل کرنے کے بعد سے اپنے مخالفین کا ’قتل عام‘ شروع کر رکھا ہے۔ ڈی پی اے نے مقامی طبی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ جہادی گزشتہ چند مہینوں کے دوران ڈاکٹرز اور وکلاء کے علاوہ پولیس اور فوج کے درجنوں سپاہیوں کو بھی ہلاک کر چکے ہیں۔ اس جہادی گروہ نے ایسی ویڈیوز بھی جاری کی ہیں، جن میں چار غیر ملکی افراد کے سر قلم کرتے دکھایا گیا ہے۔ دوسری طرف صوبہ انبار میں بھی ان جہادیوں نے البوانمر نامی مخالف قبیلے کے افراد کو نشانہ بنانے کا عمل جاری رکھا ہوا ہے۔