بغداد ۔ 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اسلامک اسٹیٹ گروپ نے دو مغربی ٹاؤنس میں عراقی اڈوں پر حملے شروع کردیئے جن کے نتیجہ میں سکیوریٹی فورسیس کے کم از کم 17 ارکان اور 40 جہادیوں کی ہلاکت ہوگئی، سکیوریٹی اور طبی ذرائع نے آج یہ بات کہی۔ 7 پولیس ملازمین اور 4 سپاہی ہلاک ہوئے جب آئی ایس کے جنگجوؤں نے ہیت ٹاؤن میں پولیس ہیڈکوارٹرس پر حملہ کیا جبکہ فیڈرل فورسیس کے کم از کم 6 ارکان رمزی کے بڑے فوجی اڈہ پر حملہ میں مارے گئے۔ ہیت میں 25 بندوق برداروں نے نصف شب کے کچھ دیر بعد پولیس ہیڈکوارٹرس پر حملہ کیا۔ پولیس نے ان میں سے 20 کو ہلاک کردیا اور بقیہ 5 الیکٹرسٹی بلڈنگ کی طرف چلے گئے۔ وہ ہنوز زیرمحاصرہ ہیں، ان کے پاس ٹھیک ٹھیک نشانہ لگانے والی رائفلیں ہیں۔