عراق میں تشدد ہولناک تشدد کی تازہ ترین لہر ‘ 19 ہلاک

بغداد ۔ /25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عراق بھر میں ہولناک تشدد کی تازہ ترین لہر کے نتیجہ میں آج اکثر علاقے شلباری اور بم حملوں کے نتیجہ میں کم سے کم 19 افراد ہلاک ہوگئے ۔ عسکریت پسندوں نے بغداد کو ملک کے شمالی حصے سے مربوط کرنے والے ایک کلیدی پل کو دھماکہ سے اڑادیا ۔ عراق میں تازہ ترین تشدد کی اس لہر میں ہونے والی ہلاکتوں کے ساتھ ہی نئے سال کے پہلے مہینے جنوری کے دوران خودکش حملوں ‘ بم دھماکوں اور تشدد کے دیگر واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 800 تک پہونچ گئی ہے

جب کہ اس جنگ زدہ ملک میں 30 اپریل کو عام انتخابات ہوں گے ۔ تشدد کی لہر کے سبب ان اندیشوں میں زبردست اضافہ ہورہا ہے کہ عراق ایک بار پھر تصادم اور خانہ جنگی کا شکار ہوجائے گا ۔ مغربی بغداد کے صوبہ عنبر گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری مہم کے باوجود فوج کو وہاں سے القاعدہ کے حامی انتہاپسندوں کا صفایا کرنے میں کامیابی نہیں ملی ہے ۔ 2008 ء کے بعد عراق فی الحال انتہائی بدترین تشدد سے دوچار ہوگیا ہے اور حکام سے بیرونی قائدین نے سیاسی مصالحت پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ لیکن وزیراعظم نورالمالکی آئندہ انتخابات پر نظر رکھتے ہوئے انتہائی سخت گیر موقف اختیار کررہے ہیں اور عہدیداروں نے سکیورٹی کارروائیوں میں اضافہ کردیا ہے ۔