عراق میں بم دھماکے ‘ جھڑپیں ‘ 18 ہلاک

بغداد ۔ /12 جنور ی (سیاست ڈاٹ کام) بغداد میں دو کار بم دھماکوں اور سکیورٹی فورسیس و انتہاپسندوں کے مابین جھڑپ کے واقعات میں 18 افراد ہلاک ہوگئے ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی جبکہ عراقی دارالحکومت کے مغربی علاقے میں سکیورٹی فورسیس اور القاعدہ سے تعلق رکھنے والے انتہاپسندوں کے مابین لڑائی جاری ہے ۔ وسطی بغداد میں مصروف بس اسٹیشن پر ایک کار بم دھماکے سے کم از کم 13شہری ہلاک اور دیگر 16زخمی ہوگئے ۔

ایک پولیس عہدیدار نے کہا کہ آج صبح علاوی کے علاقہ میں بس اسٹیشن کے روبرو بم دھماکہ ہوا ۔ گذشتہ جمعرات کو ایک خودکش بم بردار نے فوجیوں کے ایک گروپ کے درمیان خود کو دھماکہ سے اڑا دیا تھا جس سے کم از کم 24افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ یہ تمام فوج میں بھرتی ہونے کیلئے وہاں جمع تھے ۔ ایک طبی عہدیدار نے ہلاکتوں کی توثیق کی ۔ سیاسی کشیدگی اور تشدد گذشتہ سال سے عراق میں زیادہ ہوچکا ہے ۔ فرقہ وارانہ جھڑپوں میں ہلاکتوں کی تعداد گذشتہ سال اعظم ترین تھی ۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے بموجب 8868 افراد گذشتہ سال پُرتشدد میں واقعات میں ہلاک ہوئے ۔