بغداد ، 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عراقی دارالحکومت میں انتخابی مہم کے دوران ایک شیعہ تنظیم عصائب اہل الحق کی حمایت میں نکالی جانے والی ایک ریلی پر متعدد بم حملوں کے نتیجے میں کم از کم 37 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ دھماکے اُس وقت ہوئے، جب قریب دس ہزار افراد بغداد کے مشرق میں واقع ایک اسٹیڈیم میں موجود تھے۔ اس گروپ نے جلسے میں آئندہ چہارشنبہ کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کیلئے اپنے امیدواروں کا اعلان کرنا تھا۔ حملے کے بعد عراق میں مزید مسلح فرقہ ورانہ کارروائیاں وقوع پذیر ہونے کے امکانات کا اظہار کیا گیا ہے۔ دوسری جانب القاعدہ سے منسلک ’الدولۃ الاسلامیہ فی العراق والشام‘ (ISIL) نامی گروپ نے ایران کی حمایت یافتہ اس تنظیم پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔