بغداد ، 15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عراق کے وزیر انصاف کا کہنا ہے کہ حکام نے بغداد کے مغرب میں واقع بدنام زمانہ جیل کو سکیورٹی وجوہات کی بناء بند کردیا ہے ۔ حسن الشیماری نے آج کہاکہ 2400 قیدیوں کو ابوغریب سے ملک کے محفوظ تر علاقوں کی دیگر جیلوں کو منتقل کردیا گیا ہے ۔ اُن کا کہنا ہے کہ یہ احتیاطی اقدام ہے کیونکہ ابوغریب جیل شورش زدہ علاقہ میں واقع ہے ۔ یہ جیل سنی غلبہ والے صوبہ انبار کے مضافات میں واقع ہے جبکہ یہ صوبہ القاعدہ سے علحدہ شدہ گروپ اور حکومتی فورسیس کے درمیان جھڑپوں سے متاثر رہا ہے ۔ گزشتہ جولائی میں عسکریت پسندوں نے ابوغریب اور ایک دیگر جیل پر حملہ کرتے ہوئے سینکڑوں قیدیوں کو آزاد کردیا تھا جن میں کئی عسکریت پسند شامل تھے ۔ اُس حملے میں درجنوں دیگر قیدی اور سکیورٹی پرسونل ہلاک ہوئے تھے ۔