عراق میں اجتماعی قبروں سے 1600یزیدیوں کی باقیات برآمد

بغداد ۔ 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عراق کے شمالی علاقے سنجار کے حکام نے شدت پسند تنظیم داعش کے ہاتھوں قتل کیے گئے یزیدی قبیلے کی ایک ہزار سے زاید افراد کی باقیات کا انکشاف کیا ہے۔العربیہ نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق سنجار کے قائم مقام چیف جسٹس محما خلیل نے بتایا کہ داعش کی جانب سے بنائی گئی اجتماعی قبروں سے 1646 یزیدیوں کی باقیات برآمد کی گئی ہیں۔خبر رساں ایجنسی’اناطولیہ‘ سے بات کرتے ہوئے محما خلیل نے بتایا کہ داعشی دہشت گردوں نے یزیدی قبیلے کے سیکڑوں افراد کو بے رحمی کے ساتھ موت کے گھاٹ اتارنے کے بعد انہیں اجتماعی قبروں میں دفن کردیا تھا۔ داعش کی طرف سے تیار کی گئی 31 اجتماعی قبروں کا پتا چلا ہے۔ یہ اجتماعی قبریں نومبر 2015ء اور جنوری 2016ء کے درمیان بنائی گئیں اور ان میں سے اب تک 1646 یزیدی افراد کی میتوں کا پتا چلا ہے۔خیال رہے کہ عراق کی البیشمرگہ کرد فوج نے نومبر 2015ء میں ایک آپریشن کے دوران سنجار کو داعش سے چھڑا لیا تھا۔ داعش نے اس شہر پر اگست 2014ء کے دوران قبضہ کیا تھا۔سنجار کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ داعش کے ہاتھوں کھودی گئی اجتماعی قبروں کی تعداد 50 سے زیادہ ہوسکتی ہے کیونکہ شدت پسندوں نے سنجار میں بڑی تعداد میں یزیدی قبیلے کے مرد وخواتین کا بے دریغ قتل عام کیا تھا۔