بغداد ، 2 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) عراق میں فورسز اور داعش کے جنگجوئوں میں جاری جھڑپوں اور پانچ بم دھماکوں کے نتیجے میں 17 عراقی فوجیوں اور 23 باغیوں سمیت 56 افراد ہلاک جبکہ 44 دیگر زخمی ہو گئے۔ نیوز ایجنسی کے مطابق داعش کے جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران 17 عراقی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے، اس جھڑپ میں داعش کے 23 جنگجو بھی مارے گئے، یہ جھڑپیں دارالحکومت بغداد کے جنوبی علاقہ جرف الشکر میں ہوئیں۔ دریں اثناء پانچ بم دھماکوں میں مزید 16 افراد ہلاک اور 44 دیگر زخمی ہو گئے۔ صدر سٹی میں ایک کار بم دھماکے میں 9 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہوئے۔ بغداد کے وسطی علاقے کھولانی میں ایک مسجد کے قریب 3 بم دھماکوں میں 5 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوئے۔ بغداد کے جنوبی علاقہ مدین میں ایک اور دھماکے میں 2 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوئے۔ عراق میں جولائی کے دوران پرتشدد واقعات میں 1600 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 1401 عام شہری، 185 فوجی اور 83 پولیس ملازمین تھے۔ داعش کے جنگجوئوں نے شریعت کے نفاذ کیلئے زنانہ فوج تیار کر لی ہے۔ امریکہ نے عراق کو 5 ہزار ’ہیل فائر‘ میزائل فروخت کرنیکا فیصلہ کر لیا ہے، اور یہ جدید ترین ہتھیار باغیوں کیخلاف استعمال ہوں گے۔