عراق بحران :لڑائی اور مذاکرات دونوں جاری

بغداد۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نوری المالکی نے آج کہا کہ عراق کے ایک بڑے حصہ پر قبضہ کرنے والے جنگجوؤں کے خلاف لڑائی میں پیشرفت کیلئے فوجی کارروائی کے ساتھ ساتھ سیاسی حل بھی ضروری ہے۔ انہوں نے دورۂ کنندہ برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ کو بتایا کہ ہمیں دو متوازی راستوں پر پیشرفت کرنی چاہئے۔ عراقی فورسیس نے تکریت پر قبضہ برخاست کرنے کیلئے ہیلی کاپٹرس کے ذریعہ حملے شروع کئے ہیں۔ مذہبی رہنما مقتدا الصدر نے جنگجوؤں کی پیشرفت کیخلاف زبردست جوابی کارروائی کا انتباہ دیا۔ دریں اثناء امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری نے خلیج کے حلیف ممالک اور اُردن سے مذاکرات کے دوران عراق میں بڑھتے بحران پر فوری قابو پانے کی ضرورت ظاہر کی۔ اس دوران نائب صدر عراق نے آئندہ ہفتہ پارلیمنٹ کا اجلاس طلب کیا ہے جو نئی حکومت کی تشکیل کی سمت پہلا قدم ہوگا۔