عراق بحران سے ہندوستان کو تیل کی سربراہی غیرمتاثر

سرینگر۔25 جون (سیاست ڈاٹ کام) مرکز نے آج کہا کہ عراق کی صورتِ حال فکرمندی کی وجہ ہے اور اُمید ظاہر کی کہ خلیجی ملک میں یہ انتشار ہندوستان میں تیل کی سربراہی کو متاثر نہیں کرے گا۔ مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع راؤ اندرجیت سنگھ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عراق کا نیا مسئلہ فکرمندی کی وجہ ہے۔ ہماری تیل پائپ لائن جنوبی عراق سے گزرتی ہے۔ تاحال دہشت گردوں نے اس پائپ لائن کو حملوں کا نشانہ نہیں بنایا ہے لیکن حکومت اس مسئلہ پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ ہمیں اُمید ہے کہ عراق کی صورتِ حال بہتر ہوجائے گی اور ہندوستان کو تیل کی سربراہی متاثر نہیں ہوگی۔ وہ بادامی باغ کنٹونمنٹ میں جنگ کی یادگار پر پھول چڑھانے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ عراق میں پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کے تخلیہ کے لئے ہندوستان تمام متبادل طریقوں پر غور کررہا ہے۔ تمام تجاویز پیش کردی گئی ہیں اور حکومت ان پر غور کررہی ہے۔