عراقی پولیس اور عسکریت پسندوں کی لڑائی، 59 اموات

موصل ، 7 جون (سیاست ڈاٹ کام) عراقی سکیورٹی فورسیس اور عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپوں نے آج موصل 59 افراد کی جان لے لی، جبکہ اس شمالی شہر میں شدید لڑائی اپنے دوسرے دن میں داخل ہوگئی ہے، عہدیداروں نے یہ بات کہی۔ مہلوکین میں 21 پولیس ملازمین اور 38 عسکریت پسند شامل ہیں۔ موصل میں یہ لڑائی کل صبح چھڑی اور رات بھر جاری رہی، جبکہ دو خودکش بمباروں نے شہر کے مشرقی علاقہ میں اقلیتی گروپ کو نشانہ بنایا اور فوجیوں نے شہر کے جنوب میں خودکش بمباروں کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔

موصل میں اور صوبہ نینوا کے دیگر مقامات پر کل پیش آئے تشدد میں کم از کم 36 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ آج کی ہلاکت خیز لڑائی اس وقت پیش آئی جب جہادیوں نے بغداد کے مغرب میں واقع رمزی کی انبار یونیورسٹی میں اسٹوڈنٹس اور اسٹاف کو یرغمال بنایا، جس پر سکیورٹی فورسیس نے انھیں آزاد کرانے کی کوشش میں کارروائی کی۔