عراقی قبیلے کیلئے حلال کھانے کے 7000 پیکٹ

بغداد۔30اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی فضائیہ نے عراق کے مغربی صوبہ الانبار کے قصبے ہیت میں دولت اسلامیہ (داعش) کے حملوں کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے ہزاروں افراد کیلئے حلال کھانے کے سات ہزار سے زیادہ پیکٹ گرائے ہیں۔امریکی محکمہ دفاع نے کل جاری کردہ ایک بیان میں بتایا ہے کہ فضائیہ کے سی 130 طیارے نے عراق میں الاسد ائیربیس کے نزدیک گذشتہ روز (منگل کو) خوراک کے یہ پیکٹ گرائے تھے اور عراقی سکیورٹی فورسز نے البونمر قبیلے کے بے گھر ہونے والے افراد میں یہ امدادی خوراک تقسیم کردی ہے۔بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ یہ امدادی خوراک عراقی حکومت کی درخواست پر گرائی گئی ہے۔ہیت میں دولت اسلامیہ کی حالیہ یورش کے بعد البونمر قبیلے کے ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے تھے۔اس قصبے پر قبضے کیلئے عراقی سکیورٹی فورسز اور داعش کے جنگجوؤں کے درمیان گذشتہ قریباً ایک ماہ سے لڑائی جاری ہے۔