عراقی فورسز نے امرلی کا محاصرہ توڑ دیا

بغداد ، یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) عراقی فورسز نے شیعہ اکثریتی علاقے امرلی میں مملکت اسلامی کے جہادیوں کا محاصرہ توڑ دیا ہے۔ قصبے کا کنٹرول سنبھالنے کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے جبکہ امریکہ نے بھی امرلی میں شدت پسندوں کے اہداف پر فضائی حملے کئے ہیں۔ عراقی سکیورٹی ترجمان لیفٹیننٹ جنرل قاسم عطا نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا: ’’ہماری فورسز امرلی میں داخل ہو گئی ہیں اور انہوں نے محاصرہ توڑ دیا ہے۔‘‘ عراقی فوج نے بعد ازاں قصبے کا مکمل کنٹرول سنبھالنے کا بھی اعلان کر دیا۔ امرلی میں مقامی حکام اور وہاں موجود آئی ایس کے خلاف لڑنے والے فائٹرز نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے۔ عطا نے بعد ازاں عراق کے سرکاری ٹیلی ویژن پر ایک بیان میں کہا: ’’یہ بہت اہم کامیابی ہے۔‘‘ کرنل مصطفیٰ البیاتی نے اتوار کی شب ایک بیان میں کہاکہ امرلی مکمل طور پر محفوظ ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس کے مغرب میں واقع دیہات میں جھڑپیں جاری ہیں۔ اسلامی مملکت نے گزشتہ دو ماہ سے زائد عرصے سے امرلی کو گھیرے میں لے رکھا تھا جہاں ہزاروں عام شہری محصور تھے۔ اس علاقے میں پانی اور اشیائے خوردونوش کی بھی قلت ہو گئی تھی۔ اسلامی مملکت کے شدت پسندوں نے جون میں عراق کے پانچ صوبوں کے بڑے علاقوں پر قبضہ کر لیاتھا۔ اس کے بعد سے ان کیخلاف عراقی فورسز کی یہ پہلی بڑی کامیابی ہے۔ امریکہ نے بھی امر لی میں اسلامی ریاست کے خلاف محدود پیمانے پر فضائی کارروائی کی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ امریکی فورسز نے عراق کے شمالی علاقے سے باہر ان شدت پسندوں کو نشانہ بنایا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مختلف ملکوں کے طیاروں نے امرلی پر امدادی سامان بھی گرایا ہے۔ صوبے صلاح الدین میں اکثریتی آبادی شیعہ کے اس علاقے کو پانی اور خوراک کی قلت کا سامنا تھا۔ اس کے ساتھ ہی انہیں اپنے شیعہ عقائد کی وجہ سے دوہرے خطرے کا سامنا تھا۔ آئی ایس انہیں کافر قرار دیتی ہے اور دوسرا یہ کہ وہ آئی ایس کے خلاف لڑ بھی رہے ہیں۔ عراق نے امرلی ٹاؤن پر سے جہادیوں کا قبضہ چھڑوانے کیلئے ہفتے کو ایک بڑی کارروائی شروع کی تھی۔ ان شدت پسندوں کے خلاف کارروائیوں میں عراقی سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہزاروں شیعہ ملیشیا اور کرد فائٹر بھی شامل تھے۔ اُدھر امریکہ نے امر لی کے ساتھ ساتھ موصل ڈیم کے قریب بھی اسلامی ریاست کے اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ امریکی محکمہ دفاع پنٹگان کا کہنا ہے کہ ڈیم کے قریب آئی ایس کی ایک مسلح گاڑی تباہ کر دی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ امرلی اور موصل ڈیم کے قریب کارروائی میں شریک طیارے کامیاب حملوں کے بعد باحفاظت وہاں سے نکل گئے۔