بغداد ، 6 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) عراقی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بغداد میں سلسلہ وار کار بم دھماکوں نے تجارتی علاقوں کو زد میں لیا، جس سے کم از کم 9 افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آج کے تمام بم پارک کی ہوئی کاروں میں نصب کئے گئے تھے۔ سب سے زیادہ مہلک دو دھماکے مشرقی علاقہ جمیلہ اور شمالی علاقہ خزیمیہ میں پیش آئے۔ ہر ایک جگہ کم از کم تین شہری ہلاک ہوگئے۔ ان حملوں میں جملہ 22 شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔ پولیس نے مزید کہا کہ دیگر دھماکو مادہ سے لدی کاریں وسطی علاقہ کرازہ، شمالی محلہ شاب اور مشرقی علاقہ بتول میں پھٹ پڑیں۔ ان مقامات پر جملہ تین شہری ہلاک اور 26 دیگر زخمی ہوئے۔ کل ہی بغداد میں کئی دھماکوں میں 34 ہلاکتیں ہوئی تھیں۔