بغداد ۔ 7 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) عراق میں بارہ مئی کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے نتائج کے لیے ووٹوں کی ہاتھ سے گنتی کا آغاز منگل کوہوا ۔ اس سلسلے میں کرکوک صوبے کے شہر داقوق میں الیکشن کمیشن کے اعلان کردہ سابقہ الکٹرونک نتائج اور اب ووٹوں کی ہاتھ سے گنتی کے نتائج میں واضح اور بڑا فرق سامنے آیا ہے۔سابقہ اعلان کردہ نتائج میں مقتدی الصدر کے حمایت یافتہ اتحاد ’’سائرون‘‘ کی پہلی پوزیشن تھی جب کہ کرکوک صوبے میں سابق صدر جلال طالبانی کے کردستان آف یونین پیاٹریوٹک نے برتری حاصل کی تھی۔ الیکشن کمیشن نے عراق کے مجموعی انتخابی مراکز میں 3% مراکز پر ہاتھ سے ووٹوں کی گنتی کا فیصلہ کیا ہے، اگر تبدیل شدہ نتائج مقررہ تناسب سے زیادہ ہوئے تو پھر تمام بیلٹ بکسوں کی دوبارہ سے ہاتھوں سے گنتی عمل میں آسکتی ہے۔