عدن۔ 26 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) یمن کے جنوبی علاقے اور موجودہ حکومت کے عبوری دارالحکومت عدن میں جمعہ کے روز بارود سے بھری کاروں کے ذریعے کئے گئے تین خودکش حملوں میں کم سے کم 22 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ دہشت گردوں نے یہ حملے سکیورٹی فورسز کے چیک پوسٹوں پر کئے ہیں جس کے نتیجے میں چیک پوسٹوں کو بھی بری طرح نقصان پہنچا ہے۔دو کار بم دھماکے عدن کے مغربی علاقے الشعب کالونی میں ہوئے جہاںالمنصورہ کے مقام پر ایمبولینس میں نصب دھماکہ خیز مواد دھماکے سے پھٹ گیا۔دوسرا کار خودکش بم حملہ شمال مغربی عدن میں ایک چیک پوسٹ پر کیا گیا جس میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔دوسری جانب شدت پسند تنظیم دولت اسلامی’’داعش‘‘ نے عدن میں ہونے والی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ داعش کی ترجمان خبر رساں ایجنسی’’اعماق‘‘ کے مطابق ان بم دھماکوں میں کم سے کم 27 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔