کریم نگر جیل میں ضلع جج ناگا ماروتی شرما کا خطاب
کریم نگر۔/5اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تشدد کو چھوڑ کر مہاتما گاندھی کے اپنائے ہوئے طرز عمل کو اختیار کرنا چاہیئے۔ کریم نگر جیل میں محروس قیدیوں کو ضلع جج ناگا ماروتی شرما نے یہ مشورہ دیا۔ گاندھی جینتی پر یوم بہبود قیدی کے موقع پر ضلعی جیل میں شمع روشن کرتے ہوئے گاندھی جینتی تقاریب کا آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر گاندھی جی کی تصویر پر پھول مالا چڑھاکرانہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ بعد ازاں قیدیوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں جو بھی جانے انجانے میں کوئی غلطی کر بیٹھے ہوں جس کی وجہ سے انہیں جیل کی سزاء ہوئی ہے انہیں چاہیئے کہ تشدد کو چھوڑ دیں اور گاندھی جی نے جو کہا تھا سچائی دھرم عدم تشدد کو اپنی باقی ماندہ زندگی میں اختیار کرنا چاہیئے۔ سماجی زندگی میں سچائی اور اچھائی کو اختیار کرتے ہوئے دوسروں کے ساتھ بہتر سلوک کرنا چاہیئے اور دوسروں کی نظر میں اپنے آپ کو بہتر ثابت کرنے کی کوشش کرنا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ یہاں جو بھلائی کے پروگرام شروع کئے جارہے ہیں اس سے استفادہ کریں اور اپنی زندگیوں کے طور طریقے بدل لیں۔ بعد ازاں یہاں منعقد ہوئے مقابلوں میں کامیاب ہونے والوں کو انعامات دیئے گئے۔