نئی دہلی۔ 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج عدم امتیاز اور مساوات کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے بی جے پی ہیڈکوارٹر پر ’’دیوالی ملن‘‘ کے موقع پر صحافیوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ ہندوستانی تہوار ایک ایسا موقع ہوتا ہے جس میں سماج کو ایک نئی جہت حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روشنیوں کا یہ تہوار (دیپ پروا) بھی اسی کا ایک حصہ ہے۔ اس معاملے میں کوئی امتیاز نہیں ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مساوات کی قدر کو بھی استحکام حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے تہواروں سے رابطہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سماج میں یہ تہوار اپنے آپ میں خود ایک بڑی طاقت ہے جو سماج کو ایک توانائی اور جوش فراہم کرتے ہیں۔ ان کے سماجی اور معاشی پہلوؤں کے بارے میں کئی کہانیاں ہیں۔ مثال کے طور پر کمبھ میلہ کے دوران گنگا کے کنارے جو لوگ جمع ہوتے ہیں، اس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ اپنے آپ میں خود ایک چھوٹی یوروپی ملک ہے۔ وزیراعظم اپنے خطاب کے بعد شہ نشین سے نیچے آئے اور یہاں موجود صحافیوں سے مصافحہ کیا اور ان کے ساتھ گھل مل گئے۔
انہوں نے بعض صحافیوں کے ساتھ سیلفی بھی لی۔ آج وہی منظر دکھائی دے رہا تھا جب اس سے پہلے بھی وہ ایسے ہی موقع پر صحافیوں کے ساتھ گھل مل گئے تھے، اس بار بھی ہجوم نے اس غیررسمی ملاقات میں انہیں عملاً گھیر لیا تھا۔