نئی دہلی 18 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی نے آج کانگریس پر جوابی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ عدلیہ کے تعلق سے دوہرا معیار رکھتی ہے ۔ پارٹی نے کہا کہ ایک موقع پر چیف جسٹس کا مواخذہ کرنے کی کوشش کرنے والی کانگریس پارٹی اب عدلیہ کی ستائش کر رہی ہے ۔ یہ اس کا دوہرا معیار ہے ۔ بی جے پی ترجمان سمبت پاترا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے چیف جسٹس کا مواخذہ کرنے کی کوشش کی تھی اور اب یہ پارٹی عدلیہ کی ستائش کر رہی ہے ۔ کل کانگریس صدر نے ملک کی صورتحال کو پاکستان کی صورتحال سے تک تعبیر کردیا تھا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ راہول گاندھی نے کل کہا تھا کہ ملک میں عدلیہ اور صحافت بھی خوف محسوس کر رہے ہیں جو اکثر پاکستان میں آمریت کی وجہ سے ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کا حقیقی چہرہ آشکار ہوگیا ہے ۔پارٹی نے جسٹس لویا کے مسئلہ پر سپریم کورٹ کی ہتک کی تھی اور اب وہ اس کی ستائش کر رہی ہے ۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ کانگریس عدلیہ کے تعلق سے کس طرح کا دوہرا معیار رکھتی ہے ۔ انہوں نے کرناٹک کے تعلق سے کہا کہ ریاست میں کانگریس پارٹی عوامی رائے کا قتل کر رہی ہے ۔ یہ لوگ دستور کو اپنی خواہش کے مطابق نہیں ڈھال سکتے ملک میں عوام کی رائے سے افضل کچھ نہیں ہے اور کانگریس پارٹی اسی رائے کو کچل رہی ہے ۔