لکھنؤ ۔ 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی اور اس کے قائدین پر عدلیہ کا مکمل طور پر احترام نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بی ایس پی کی صدر مایاوتی نے آج کہا کہ یہ رجحان انتہائی خطرناک ہے اور تمام کیلئے باعث تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینئر بی جے پی قائدین عدلیہ کے خلاف خاص طور پر ماضی قریب میں جس زبان کا استعمال کررہے ہیں، وہ تمام کیلئے تشویشناک ہے۔ سابق چیف منسٹر یوپی نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی قائدین نے عدالت کے خلاف تشدد کے واقعات کے سلسلہ میں جس لہجہ میں بیانات دیئے ہیں، اسے ملک کے عوام نے قبول نہیں کیا۔ خودساختہ مذہبی رہنما رام رحیم کو عصمت ریزی کا مجرم قرار دینے کے بعد برسراقتدار پارٹی اور اس کے قائدین نے عدالتوں کے خلاف تکبر اور غرور سے بھرے ہوئے لہجہ میں بیانات جاری کئے ہیں۔ ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں ججوں کے تقررات کے مسئلہ کا حوالہ دیتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی کی صدر نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت اس معاملہ میں تعاون نہیں کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایسا معلوم ہوتاہیکہ بی جے پی حکومت عدلیہ کو بھی اپنی حریف سمجھتی ہے اور اس کا سلوک عدلیہ کے ساتھ بھی ویسا ہی ہے جیسا کہ اپوزیشن سیاسی پارٹیوں کے ساتھ ہے۔