عثمان خواجہ کی پہلی سنچری ، آسٹریلیا 313/5

رانچی ۔ 8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بائیں ہاتھ کے اوپنر عثمان خواجہ کی ونڈے کریئر میں پہلی سنچری اور 22 مقابلوں میں کپتان آرون فنچ کی شاندار نصف سنچری کی بدولت آسٹریلیائی ٹیم ماہ جون کے بعد پہلی مرتبہ ونڈے میں 300 رنز اسکور کرنے میں کامیاب رہی۔ خواجہ اور فنچ نے پہلی وکٹ کیلئے 193 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی جوکہ آسٹریلیا کی اوپنرس کی جانب سے بنائی جانے والی ساتویں بڑی ساجھیداری ہے۔ ایک موقع پر آسٹریلیائی ٹیم 42 ویں اوور میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر 258 رنز اسکور کرلئے تھے لیکن آخری 8 اوورس میں اس نے صرف 55 رنز ہی اسکور کئے۔ فنچ آوٹ ہونے والے پہلے بیٹسمین رہے جنہوں نے 99 گیندوں میں 10 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 93 رنز بنا کر کلدیپ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوئے۔ دوسری جانب عثمان خواجہ نے اپنے کریئر کی پہلی سنچری بنائی اور آوٹ ہونے سے قبل انہوں نے 113 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 11 چوکے اور ایک چھکہ پر مشتمل اننگز میں 104 رنز اسکور کئے۔ نمبر 3 پر میکس ویل کو ترقی دی گئی اور انہوں نے اپنے ارادے واضح کرتے ہوئے 31گیندوں میں ہی 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 47 رنز اسکور کرلئے تھے لیکن اس موقع پر جڈیجہ نے ایک شاندار تھرو کے ذریعہ انہیں پویلین کی راہ دکھادی۔ آسٹریلیا پانچ وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز اسکور کر پائی۔ کلدیپ نے 64 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔