عثمان خواجہ کو زیادہ مواقع دینے پونٹنگ کا مشورہ

سڈنی۔17ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) معزول کپتان اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اورکیمرون بین کرافٹ کی معطلی کے سبب آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم بحرانی کیفیت میں مبتلا ہے، بیٹنگ شعبہ کافی کمزور ہے، اس نے پاکستان کے خلاف سیریز کیلئے جس ٹیم کا اعلان کیا ہے اس میں پانچ نئے کھلاڑی شامل کیے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے سخت موسم اور پاکستان کی بولنگ کے خلاف ٹیم کو اچھی کارکردگی پیش کرنا امتحان ہوگا۔ ان حالات میں آسٹریلیا کے کامیاب ترین کپتان اور بہترین بیٹسمین رکی پونٹنگ نے اپنی ٹیم کو مشورہ دیا ہے کہ امارات میں پاکستان کا مقابلہ کرنے کیلئے پہلے ٹسٹ میں دو اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترنا بہتر رہے گا۔ ناتھن لائن کا ساتھ دینے کیلئے جان ہالینڈ بہترین بولر ہیں۔ وہ وکٹ لینے اور اس وقت لائن کے بعد ملک کے بہترین اسپنر ہیں۔ انہوں نے بیٹنگ میں عثمان خواجہ سے کافی امیدیں وابستہ کررکھی ہیں۔ سابق کپتان کے مطابق بائیں ہاتھ کے عثمان معیار کے اعتبار سے دیگر بیٹسمینوں سے کہیں آگے ہیں، مسئلہ صرف انہیں مسلسل مواقع دینے کا ہے۔ اگر ہمیں برصغیر میں عثمان خواجہ سے بہترین کام لینا ہے تو انہیں کھلانا ہوگا۔ اعتماد بحال ہونے پر وہ نکھرتے جائیں گے۔ پونٹنگ نے مزید کہا کہ میں بھی کیریئر کے ابتدائی دور میں ایشیائی وکٹوں پر مشکلات کا شکار رہا ہوں،لیکن تجربے کے ساتھ میں نے سیکھا کہ کس طرح ان کا مقابلہ کرنا اورکامیاب ہونا ہے۔دوسری جانب نوجوان بیٹسمین ٹریوس ہیڈ بھی خود کو منوانے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹسٹ کیریئر کا آغاز بہترین کرنا چاہتے ہیں ۔