عثمان خواجہ اور محمد سراج کا شاندار مظاہرہ

بنگلور۔3ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی ٹیم سے مسلسل نظر انداز کئے جانے والے عثمان خواجہ نے ایشیائی وکٹوں پر آتے ہی سنچری بناکر سلیکٹرروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی ہے۔ پاکستان کے خلاف اگلے ماہ متحدہ عرب امارات میں مقرر ٹسٹ سیریز کے لئے وہ ٹیم میں واپسی کے مضبوط امیدوار بن گئے ہیں۔ ہندوستان میں پہلے غیر سرکاری ٹسٹ میں آسٹریلیا اے کے لئے 127 رنز کی اننگز کھیلنے والے عثمان خواجہ کی شاندار کارکردگی کو ہندوستان اے کے 24 سالہ فاسٹ بولر محمد سراج نے تباہ کن بولنگ سے ماند کردیا۔ انہوں نے 59 رنز کے عوض 8 وکٹیں حاصل کرکے حریف ٹیم کو 243 پر آل آوٹ کرنے میں کلیدی رول ادا کیا۔ ہندوستان اے نے اپنی پہلی اننگز میں 274 رنز بنائے۔مہمان ٹیم نے آج تیسرے دن کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 42 رنز اسکورکرلئے ہیں اور اسے 11 رنز کی سبقت حاصل ہوئی ہے۔خواجہ دوسری اننگز میں 16 رنز بناکر وکٹ پر موجود ہیں اور سراج نے دوسری اننگز میں بھی وکٹ حاصل کرتے ہوئے اپنا کھاتہ کھول لیا ہے۔یاد رہے کہ جہاں محمد سراج نے ہندوستانی ٹیم کے لئے محدوداوورس کے چند مقابلے کھیلے ہیں وہیں خواجہ ٹیم میں واپسی کیلئے کوشاں ہیں ۔اسمتھ اور وارنر کی عدم موجودگی میں خواجہ کی واپسی یقینی دکھائی دے رہی ہے۔