عثمانیہ یونیورسٹی علاقہ میں عاشق نے نوجوان لڑکی کا گلا کاٹ دیا

حیدرآباد 7 اگسٹ (سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی علاقہ میں پیش آئے ایک سنسنی خیز واقعہ میں 17 سالہ لڑکی کا اُس کے عاشق نے گلا کاٹ کر قتل کردیا۔ اِس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ تفصیلات کے بموجب انوشا نامی لڑکی ساکن وارثی گوڑہ حمایت نگر میں ایک خانگی کالج میں انٹرمیڈیٹ سال دوم کی طالبہ تھی اور اُس کی دوستی سری چیتنیہ کالج کے طالب علم وینکٹیش سے ہوئی تھی۔ وینکٹیش لڑکی سے محبت کرنے لگا اور اُس کا آئے دن تعاقب کیا کرتا تھا۔ آج شام انوشا نے وینکٹیش کو اُس سے نہ ملنے کا انتباہ دیا۔ وینکٹیش نے آج رات انوشا کو عثمانیہ یونیورسٹی ریلوے کوارٹرس کے قریب سنسان علاقہ میں بات کرنے کے بہانے بلایا اور اچانک بلیڈ سے اُس کے گلے پر ضربات لگائے۔ اس حملہ میں انوشا برسر موقع ہلاک ہوگئی۔ وینکٹیش کی اس حرکت کو دیکھ کر مقامی افراد نے اُس کی زبردست پٹائی کردی اور پولیس نے اُسے حراست میں لے لیا۔