حیدرآباد ۔ /31 اگست (سیاست نیوز) عثمانیہ جنرل ہاسپٹل میں آج اس وقت سنسنی پھیل گئی جب دواخانہ کے خانگی سکیورٹی گارڈ نے ایک ڈاکٹر کی گاڑی پارک کرنے کے دوران 5افراد کو ٹکر دیدی جس میں وہ شدید زخمی ہوگیا ۔ افضل گنج پولیس کے بموجب ڈاکٹر ریحان قریشی جو پلاسٹک سرجن ہے آج صبح دواخانہ پہونچکر احاطہ میں کار پارک کی لیکن سکیورٹی گارڈ شیوراج نے کار کو وہاں سے ہٹاکر دوسری جگہ پارک کرنے کا مشورہ دیا جس پر ڈاکٹر قریشی نے اسے کار کی چابی دیتے ہوئے مناسب مقام پر پارک کرنے کیلئے کہا ۔ ڈرائیونگ سے لاعلم سکیورٹی گارڈ شیوراج نے لاپرواہی سے گاڑی چلاتے ہوئے دواخانہ میں موجود 4 افراد بشمول دو معمر اشخاص کو شدید زخمی کردیا ۔ سب انسپکٹر افضل گنج مسٹر سیدولو نے بتایا کہ سکیورٹی گارڈ نے انتہائی لاپرواہی سے کار چلاتے ہوئے دواخانہ کے احاطہ میں موجود 95 سالہ محمد عمر ، 55 سالہ قمر بیگم ، وجئے اور ملیش کو زخمی کردیا ۔ اس حادثہ میں عمر اور قمر بیگم کے دونوں پیروں میں گہرے زخم آئے اور فریکچر ہوگیا ۔ اس واقعہ کے بعد دواخانہ کے احاطہ میں سنسنی پھیل گئی اور دواخانہ کے چیک پوسٹ پر موجود پولیس عملہ نے سکیورٹی گارڈ کو اپنی حراست میں لے لیا اور ڈاکٹر کی کار کو بذریعہ کرین افضل گنج پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا ۔ پولیس نے شیوراج کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 338 اور موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعہ 181 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے ۔