نئی دہلی 18 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس امکان ہے کہ بی جے پی رکن اسمبلی کے جی بوپیا کو گورنر کی جانب سے کرناٹک اسمبلی کا پرو ٹیم ( عبوری ) اسپیکر بنائے جانے کو بھی عدالت میں چیلنج کریگی ۔ پارٹی ذرائع نے یہ بات بتائی۔ گورنر کرناٹک وجو بھائی والا کی جانب سے بی جے پی رکن اسمبلی کو کرناٹک کا پروٹیم اسپیکر مقرر کیا گیا ہے ۔ کانگریس ذرائع نے کہا کہ اس فیصلے کا علم ہونے کے فوری بعد کانگریس قائدین کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس فیصلے کو بھی عدالت میں چیلنج کیا جائے گا ۔ کانگریس کے بموجب کسی بھی پارٹی سے تعلق رکھنے والے سب سے سینئر رکن اسمبلی کو پروٹیم اسپیکر مقرر کیا جاتا ہے ۔ کانگریس کے آٹھ مرتبہ کے رکن اسمبلی آر وی دیشپانڈے سب سے سینئر رکن اسمبلی ہیں اور انہیں پروٹیم اسپیکر بنایا جانا چاہئے ۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے آج یہ حکم جاری کیا کہ کرناٹک میں بی ایس ایڈورپا کل شام چار بجے اپنی اکثریت ثابت کریں ۔ گورنر نے انہیں اکثریت ثابت کرنے کیلئے پندرہ دن کا وقت دیا تھا ۔ بی جے پی کے ریاست میں 104 ارکان اسمبلی ہیں۔