لاہور ، 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پی سی بی کے رویے سے مایوس سابق ٹسٹ اسٹار عبدالقادر نے قذافی اسٹیڈیم میں خود سے منسوب انکلوژر کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ ان کے مطابق ’’مجھ سمیت وسیم باری اور جاوید میانداد کو بورڈ سے تو نکال دیا گیا، اب عہدیدار اسٹیڈیمس میں ہم سے منسوب انکلوژر بھی ختم کر کے وہاں اپنے نام لکھوا لیں‘‘۔ انھوں نے کہا کہ کپتان محمد حفیظ کی جگہ بولنگ کوچ محمد اکرم سے استعفیٰ لینا چاہئے تھا، نیز شاہد آفریدی کو ایک روزہ اور ٹوئنٹی 20 ٹیم کا کپتان بنا دینا چاہئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ماضی کے عظیم لیگ اسپنر نے کہا ، ’’ نجم سیٹھی نے مجھ سمیت تین سابق عظیم کرکٹرز وسیم باری اور جاوید میانداد کو کرکٹ بورڈ سے نکال دیا،
اب میری چیئرمین سے گزارش ہے کہ وہ قذافی اسٹیڈیم میں ہمارے نام کے انکلوژرز ختم کر کے انھیں اپنے اور دیگر آفیشلز سے منسوب کر دیں‘‘۔ دلبرداشتہ عبدالقادر نے کہا کہ پی سی بی کرکٹرز کی وجہ سے ہے لیکن عہدیداروں نے بیمار احتشام الدین، عظمت رانا، شفقت رانا، معین العتیق سمیت متعدد کھلاڑیوں کو بے روزگار کردیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ثقلین مشتاق، وسیم اکرم، وقار یونس اور رمیز راجہ سمیت بڑے کھلاڑیوں کے تجربے سے غیر ملکی فائدہ اٹھا رہے ہیں، ماضی میں ہم نے حنیف محمد اور فضل محمود کی صلاحیتوں کو زنگ لگا دیا، اب اگر ملک میں موجود کرکٹرز بھی باہر چلے گئے تو پی سی بی کا اللہ ہی حافظ ہے۔ عبدالقادر نے کہا کہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری پانچ اوورز میں بولرز نے ناقص کارکردگی دکھائی جس کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے بولنگ کوچ محمد اکرم کو فارغ کیا جانا چاہئے تھا لیکن کپتان حفیظ کو قربانی کا بکرا بنا دیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ 5 برس سے کہہ رہا ہوں کہ آفریدی ’تھری اِن ون کرکٹر‘ ہے، اس کی جتنی بھی کرکٹ باقی ہے اس سے فائدہ اٹھانا چاہئے لیکن وسیم اکرم، شعیب اختر اور محمد یوسف سمیت بعض سابق کھلاڑیوں نے بلاوجہ اُن پر تنقید کی۔ ایک بار پھر کہتا ہوں کہ آفریدی کو ایک روزہ اور ٹوئنٹی 20 ٹیم کا کپتان بنا دیا جائے، اس سے ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔