عبدالرحمن 3 غیرقانونی گیندیں ڈالنے کے بعد بولنگ کیلئے نااہل

میرپور ۔ 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی بائیں ہاتھ کے اسپنر عبدالرحمن آج منفی ریکارڈس کی فہرست میں شامل ہوگئے کیونکہ انہیں متواتر 3 غیرقانونی فل ٹاس گیندیں ڈالنے کے بعد بولنگ کیلئے نااہل قرار دیا گیا۔ بنگلہ دیش کے خلاف یہاں منعقدہ مقابلہ میں پاکستان نے اپنے قطعی 11 کھلاڑیوں میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے جنید خان کے مقام پر بائیں ہاتھ کے اسپنر عبدالرحمن کو ٹیم میں شامل کیا تھا لیکن اس کا مصباح الحق کو کوئی فائدہ نہیں ہوا کیونکہ وہ قواعد و شرائط کے مطابق گیند ڈالنے میں ناکام رہے جس کے بعد ایمپائر جان کلوٹے نے انہیں بولنگ کیلئے نااہل قرار دے دیا۔ رحمن نے متواتر 3 گیندیں کمر سے اوپر کی اونچائی پر ڈالی جس کے بعد انہیں بولنگ کیلئے نااہل قرار دیتے ہوئے مقابلہ میں دوبارہ بولنگ سے روک دیا گیا۔ آئی سی سی کے دفعہ 42.6.B کے تحت عبدالرحمن کو بولنگ سے اس لئے روک دیا گیا کیونکہ ان کی گیندیں ایسی تھیں جس سے بیٹسمین کے جسمانی زخمی ہونے کے خدشات ہوگئے تھے۔ اس واقعہ کے بعد عبدالرحمن کے بولنگ اعداد و شمار 0-0-8-0 ہوگئے ہیں یعنی بغیر گیند ڈالے انہوں نے حریف ٹیم کو 8 رنز بنانے کا موقع فراہم کردیا۔ قواعد کے بموجب بولر کو اس وقت انتباہ دیا جاتا ہے جب وہ بیٹسمین کی کمر کی اونچائی پر پہلی گیند ڈالے اور اگر یہ دوسری گیند پھر اسی طرح کی پھینکتا ہے تو اسے بولنگ سے نااہل قرار دیتے ہوئے روک دیا جاتا ہے۔

کالج کے طلبہ کیلئے 8 مارچ کو اسپورٹیا 2014ء کا انعقاد
حیدرآباد ۔ 4 مارچ (راست) مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ کے شعبہ فزیکل ایجوکیشن اور مختلف کھیلوں کی اسپورٹس کمیٹی کی جانب سے کالج کے کیمپس میں انٹر کالیگیٹ اسپورٹ میٹ کا 8 مارچ 2014ء کوانعقاد عمل میں لایا جارہا ہے اور اس اسپورٹیا میں 3 آن 3 باسکٹ بال، 6 اے سائیڈ کرکٹ، 3 آن 3 فٹبال اور 4 آن 4 والی بال مقابلے منعقد ہوں گے۔ ٹورنمنٹ کی فاتح ٹیم اور رنراپ کو انعامات کے علاوہ انفرادی کھلاڑیوں کو بھی انعامات اور اسناد دیئے جائیں گے۔ عثمانیہ یونیورسٹی اور جے این ٹی یو یونیورسٹی سے ملحقہ تمام پروفیشنل کالجس کے ڈگری اور پی جی میں زیرتعلیم طلبہ پر مشتمل ٹیمیں ان ٹورنمنٹس میں شرکت کی اہل ہوں گی۔ تفصیلات کیلئے 9989193016 اور 9959959301 پر ربط کیا جاسکتا ہے۔