عباس کو ٹسٹ اور حسن کو ونڈے کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ

کراچی ۔9 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سالانہ ایوارڈز کی تقریب میں فاسٹ بولر محمد عباس نے سال کے بہترین ٹسٹ کرکٹرکا اعزاز حاصل کر لیا جبکہ فاسٹ بولر حسن علی ونڈے کرکٹر آف دی ایر قرار پائے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ سالانہ ایوارڈز کا میلہ پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں نے جیت کر یہ ثابت کردکھا یا کہ ٹیم کی جیت میں اہم ترین کردار ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کا ہے۔سال کے دوران غیر معمولی کارکردگی پربائیں ہاتھ کے اوپنر فخر زمان کو خصوصی ایوارڈ اور پچیس لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔بابر اعظم بہترین ٹی ٹوئنٹی کھلاڑی کا ایوارڈحاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔ تینوں فارمیٹس کے کپتان سرفراز احمد نے امتیاز احمد اسپرٹ آف کرکٹ ٹرافی وصول کی۔ خواتین میں ثناء میر ونڈے اورجویریہ خان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔ڈومیسٹک کرکٹ میں شان مسعود بہترین بیٹسمین،اعزاز چیمہ بہترین بولر اور کامران اکمل بہترین وکٹ کیپربنے۔ کراچی کے مقامی ہوٹل میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سالانہ ایوارڈز کا میلہ سجایا گیا جہاں حالیہ اور سابق کھلاڑیوں کی بڑی تعداد کے ساتھ ہی پی سی بی کے عہدیدار اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔سال کے بہترین ٹسٹ کھلاڑی کا ایوارڈ فاسٹ بولر محمد عباس کے حصے میں آیا جو تقریب میں موجود نہیں تھے لہٰذا ان کی جگہ حسن علی نے یہ ایوارڈ وصول کیا جو سال کے بہترین ون ڈے کھلاڑی کی حیثیت سے اپنا ایوارڈ شاہد آفریدی کے ہاتھوں سے وصول کرنے میں کامیاب ہوئے۔ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سال کے بہترین کرکٹر کا ایوارڈ بابر اعظم نے سابق کپتان شاہد آفریدی سے لیا جبکہ سرفراز احمد نے امتیاز احمد اسپرٹ آف کرکٹ ٹرافی چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے ہاتھوں سے وصول کی۔ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین بیٹسمین کا ایوارڈ شان مسعود نے سابق اوپنر صادق محمد سے وصول کیا جبکہ بہترین بولر کا اعزاز فاسٹ بولر اعزاز چیمہ کے نام رہا جن کی عدم موجودگی میں یہ ایوارڈ سابق وکٹ کیپر وسیم باری سے نوجوان شاہین آفریدی کو وصول کرنا پڑا جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ کے بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ کامران اکمل لے اڑے جن کی جگہ سابق کھلاڑی صادق محمد سے یہ ایوارڈ امام الحق نے حاصل کیا۔سال کے بہترین ابھرتے کھلاڑی کا ایوارڈ آل راؤنڈر فہیم اشرف کو دیا گیا جنہوں نے اپنا ایوارڈ وصول کرنے کے بعد خوشی میں پش اپس بھی لگائے ۔خواتین کرکٹ میں سال کی بہترین ون ڈے پلیئر ثناء میر اور بہترین ٹی ٹوئنٹی پلیئر جویریہ خان قرار پائیں جبکہ سال کی بہترین ابھرتی کرکٹر کا اعزاز ڈائنا بیگ کے نام رہا۔خواتین کی سطح پرڈومیسٹک کرکٹ میں سال کی بہترین کرکٹر بھی جویریہ خان ہی تھیں جبکہ بہترین بیٹنگ کیلئے بسمہ معروف،بہترین بولنگ کیلئے ڈائنا بیگ اور بہترین وکٹ کیپر کیلئے سدرہ نواز کا انتخاب کیا گیا۔ بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی تقریب میں نمایاں تھے جن میں سے عامر اشفاق کو سال کا بہترین پلیئرقرار دیا گیا جبکہ بہترین ڈس ایبلڈ کرکٹر کا ایوارڈ نہار عالم اور بہترین ڈیف کرکٹر کا اعزاز محمد نوید قمر نے حاصل کیا۔ واضح رہے کہ تقریب کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کے زیر استعمال اشیاء کی نیلامی بھی کی گئی۔