دبئی ۔20 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر محمد عباس نے ٹسٹ کرکٹ میں تاریخ رقم کردی اور وہ گزشتہ سال کے دوران ٹسٹ کرکٹ میں بہترین اوسط کے حامل بولر بن گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں محمد عباس نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناصرف ٹسٹ کرکٹ میں اپنی 50 وکٹیں مکمل کیں بلکہ سیریز میں مجموعی طور پر 17 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سب سے بڑھ کر محمد عباس نے اپنی شاندار بولنگ اوسط کی بدولت دنیا بھر کے بڑے بڑے بولر کو پیچھے چھوڑ دیا اور وہ موجودہ صدی کے علاوہ 20 ویں صدی میں بھی کم ازکم 50 وکٹیں لینے والے بولروں میں بہترین اوسط کے حامل بولر بن گئے ہیں۔ اس وقت عباس نے ٹسٹ کرکٹ میں 15.64 کی اوسط سے 59 وکٹیں حاصل کی ہیں اور وہ مجموعی طور پر بین الاقوامی کرکٹ میں بہترین اوسط کے حامل کھلاڑیوں میں چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ انگلش بولر جیورج لومین 10.75 کی اوسط کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ آسٹریلیا کے جے جے فیرس کی اوسط 12.70 اور انگلینڈ کے بلی بارنس 15.54 کی اوسط کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں لیکن ان تینوں کھلاڑیوں نے 19ویں صدی میں کرکٹ کھیلی تھی۔ اس فہرست میں چوتھے نمبر پر عباس ہیں جبکہ 16.42 کی اوسط کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود بلی بیٹس نے بھی 19ویں صدی میں ہی کرکٹ کھیلی تھی۔ چھٹے نمبر پر موجود عظیم انگش فاسٹ بولر سڈنی بارنس نے 20 ویں صدی میں کرکٹ کھیلی اور ان کا اوسط 16.43 ہے۔ 21ویں صدی میں کھیلنے والے فاسٹ بولروں میں عباس کے بعد سب سے بہترین بولنگ اوسط جنوبی افریقہ کے ورنان فلینڈر کا ہے جو 55 ٹسٹ میچوں میں 21.54 کی اوسط سے 205 وکٹیںلے چکے ہیں۔