بارباڈوس ۔2 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں محمد عباس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کر تے ہوئے بارباڈوس میں وسیم اکرم کا 29 سالہ قدیم ریکارڈ توڑ دیا۔بارباڈوس میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹسٹ میچ میں محمد عباس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 56 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں اور اس کے ساتھ ہی وسیم اکرم سے منفرد ریکارڈ بھی چھین لیا۔کیریئر کا دوسرا ٹسٹ کھیلنے والے محمد عباس کی یہ کارکردگی بارباڈوس میں کسی بھی پاکستانی فاسٹ بولر کی اب تک کی سب سے بہترین بولنگ ہے۔اس سے قبل یہ ریکارڈ سابق کپتان اور فاسٹ بولر وسیم اکرم کے نام تھا جنہوں نے 1988 کے ٹسٹ میں 73 رنز کے عوض چار وکٹیں لی تھیں۔بارباڈوس میں پاکستان کی جانب سے بہترین بولنگ کا ریکارڈ آف اسپنر ثقلین مشتاق کے پاس ہے جنہوں نے 2000 میں اسی گراؤنڈ پر 121 رنز کے عوض پانچ وکٹیں لی تھیں۔