لاہور۔ 23 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دورہ جنوبی افریقہ کے آغاز سے قبل پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بالر محمد عباس اور لیگ اسپنر شاداب خان ابھی تک مکمل طور پر فٹ نہیں ہو سکے ہیں ۔ذرائع کے مطابق محمد عباس کندھے اور شاداب خان گروئن انجری کا شکار ہیں اور دونوں کھلاڑی تین روزہ پریکٹس میچ میں بھی ایکشن میں نہیں تھے جب کہ شاداب خان کے بھی مکمل طور پر فٹ ہونے میں ابھی وقت درکار ہے ۔محمد عباس نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے کندھے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے جبکہ شاداب خان کو انجری کے باوجود ٹیم مینجمنٹ نے ایشیاء کپ کھلایا تھا ۔یاد رہے کہ جنوبی افریقہ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 26 سے 30 دسمبر تک سنچورین میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری، تیسرا اور آخری ٹیسٹ 11 سے 15 جنوری تک کھیلا جائے گا۔اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا پہلا میچ 19 جنوری، دوسرا میچ 22 جنوری، تیسرا میچ 25 جنوری، چوتھا میچ 27 جنوری جبکہ پانچواں اور آخری میچ 30 جنوری کو کھیلا جائے گا۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ یکم فروری، دوسرا میچ 3 فروری جبکہ تیسرا اور آخری میچ 6 فروری کو کھیلا جائے گا۔