منچریال میں امن کمیٹی اجلاس سے میونسپل کمشنر کا خطاب
منچریال۔/29جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت نے تلنگانہ ریاست میں رمضان اور بونال تہواروں کو ریاستی تہوار قرار دیتے ہوئے بڑے پیمانے پر منانے کا اعلان کیا۔ اور ضلع کلکٹرز کو احکامات دیئے گئے ۔اس ضمن میں منچریال آر ڈی او اور منچریال میونسپل اسپیشل آفیسر مسٹر چکرادھر راؤ کی زیر سرپرستی منچریال میونسپل آفس میں امن کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا گیا جس میں منچریال کے مسلم بھائیوں اور ہندو بھائیوں کو مدعو کیا گیا۔ جلسہ کی صدارت میونسپل کمشنر مسٹر بی وینکنا نے کی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام مساجد کے اس پاس صاف صفائی، برقی سربراہی، پینے کے پانی کی سربراہی کو روزانہ کی اساس پر یقینی بنایا جائے گا۔ اس طرح ماہ جولائی میں منعقد شدنی بونال تہوار کیلئے بھی صفائی، برقی اور پانی کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا۔آر ڈی او منچریال نے بھی مخاطب کرتے ہوئے مسلمانوں اور ہندوؤں سے رمضان اور بونال تہواروں کے موقع پر پولیس، ریونیو اور میونسپل حکام کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی۔ مسلم ویلفیر کمیٹی کے صدر جناب سراج الرحمن نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مساجد اور عیدگاہوں کے اطراف صفائی، برقی اور پانی کا انتظام کرنے ونیز نماز جمعہ اور افطار کے وقت پولیس ٹریفک انتظام کو باقاعدہ بنانے کی اپیل کی۔ اس طرح جناب زبیر احمد، جناب کاظم اللہ جلیس، محمد اقبال احمد، محمد اسمعیل، محمد نصیر الدین، جناب حسام الدین کے علاوہ ہندو قائدین تولہ انجیلو، گولی راملو بی جے پی اور ہندو واہنی قائدین نے بھی رمضان اور بونال تہواروں کے لئے خصوصی انتظامات کرنے کی اپیل کی۔ اس پروگرام میں تحصیلدار منچریال، سی آئی منچریال، سی آئی مندامری، تحصیلدار مندامری کے علاوہ مسلمانوں، ہندوؤں، جملہ صدور مساجد کمیٹی منچریال اور اخباری نمائندوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔
٭٭ سکریٹری اعزہ کالج آف انجیئنرنگ ٹکنالوجی منچریال نے کہا کہ جاریہ تعلیمی سال 2014-15 کیلئے بی ٹیک، ڈپلومہ اور ایم بی اے کورسیس میں مینجمنٹ کوٹہ میں داخلوں کا آعاز ہوچکا ہے۔ اہل طلباء خصوصا مسلم طلباء سے کالج ہذا میں داخلہ لینے کی اپیل کی ہے۔ مزید تفصیلات کیلئے کالج کے فون نمبر08736200500 اور 8332911248 ، 9866609299 پر ربط کرسکتے ہیں۔