قاضی پیٹ میں جلسہ ، سجادہ نشین خسرو پاشاہ کا خطاب
قاضی پیٹ ۔ 30 ۔ اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حضرت سید شاہ افضل بیابانی قاضی پیٹ سماع خانہ میں بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ جلسہ شہادت امام حسین ؓ اور سجادہ نشین غلام سرور بیابانی کا سالانہ فاتحہ خوانی کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں مریدین ، معتقدین اور دانشوروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ سجادہ نشین درگاہ قاضی پیٹ مولانا غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عبادت ، نمازوں سے انسان کی پریشانی دور ہوجائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ مساجد کو آباد کریں ۔ عظمت امام حسینؓ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسین ؓ نے اللہ کی راہ میں اپنی جان کی قربانی دی ۔ حضرت خسرو پاشاہ نے کہا کہ ان کے والد غلام سروربیابانی پانچ وقت کی نماز کے پابند اور نیک انسان کو ہی اپنا مرید بناتے تھے ۔ نماز ایک ایسی چیز ہے جو جنت کی طرف لے جاتی ہے۔ ایک شخص نے کہا کہ مجھے جنت میں داخل ہونے کا آسان ذریعہ بتائیں ۔ تو رسول ﷺ نے فرمایا تم صرف اللہ کی عبادت کرو ، نماز قائم کرو ، زکوۃ ادا کرو اور صلہ رحمی کرو ، حضرتﷺ نے فرمایا کسی مسکین پر صدقہ کرنا صرف صدقہ ہے اور وہی صدقہ کسی رشتہ دار پر کرو تو اس کی حیثیت دوگنی ہوجاتی ہے ۔ عبادت اور اطاعت میں ایک فرق ہیکہ اطاعت میں جذبہ محبت و عقیدت شامل نہیں ہوتا ۔ اللہ کی اطاعت سے اللہ کی پسندیدگی حاصل ہوتی ہے اور عبادت سے ان کی محبت حاصل ہوجاتی ہے ۔ ہم مسلمانوں کو چاہئے کہ اپنے جذبات کو قابو میں رکھیں۔ نماز ، روزہ ، صدقہ کی پابندی کریں ہر ایک سے بڑے اخلاص کے ساتھ پیش آئیں ۔ جھوٹ اور چغل خوری کو اللہ تعالی ہرگز معاف نہیں کرینگے ۔ اس جلسہ میںمجاہد بیابانی سجاد اور دیگر مریدین موجود تھے ۔