عبادتوں میں سب سے افضل نماز کی ادائیگی

بچکنڈہ۔ 7 جنوری ￿(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر بچکنڈہ جناب شمس الدین کے مکان میں بروز اتوار 2 تا 4 بجے خواتین کا اجتماع منعقد کیا گیا ہے۔ مفتی محمد حامد قاسمی کی اہلیہ محترمہ کا خطاب ہوا۔ عالمہ فاضلہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے 18 ہزار مخلوقات کو پیدا فرمایا۔ ان میں ایک انسان کو بنایا۔ انسان اور جنات کا مقصد اپنی عبادت کیلئے منتخب فرمایا۔ عبادات میں سب سے اہم عبادت نمازوں کو قائم کرنا، کل قیامت کے دن سب سے پہلے نماز کا حساب لیا جائے گا۔ قبر میں ہر انسان سے چاہے مرد ہو یا عورت ، تین سوال کئے جائیں گے۔ تمہارا رب کون ہے؟ تمہارا دین کیا ہے؟ تمہارے نبیؐ کا کیا نام ہے۔ ان تینوں سوالوں کا صحیح طور پر جواب دینے پر قبر میں اس بندے کا وہ مقام ہوگا کہ اللہ تعالیٰ فرشتوں کے ذریعہ جنت کا بچھونا بچھادیتے ہیں۔ یہ کب ہوگا یہ اس وقت ہوگا

جب اللہ کے احکامات کے مطابق اور پیارے نبی کے اسوہ حسنہ پر عمل کیا جائے۔ اوسط کلام میں فرمایا اللہ کا بندہ ہو یا بندی ہر کام سے پہلے اللہ کا نام لیا جائے جو کام اللہ کے نام سے شروع کیا جاتا ہے ، اس کام میں برکت ہوتی ہے۔ جس کام میں اللہ کا نام نہ لیا جائے وہ کام ادھورا ہوجاتا ہے۔

عالمہ نے آخری کلام میں فرمایا علم دین کا حاصل کرنا ہر مرد اور عورت پر فرض عین ہے۔ اللہ علم دین کا حاصل کرنا مرد کو ہی دیتا تو عورت دین سے کوسوں دور ہوجاتی۔ یہاں اللہ نے علم کیلئے مرد اور عورت کا انتخاب فرمایا۔اپنی اولاد کو دنیاوی علم کیساتھ ساتھ دین کا علم سکھاؤ، دنیاوی علم کو علم نہیں کہا جاتا بلکہ فن کہا جاتا ہے۔ علم دین آخرت میں نجات کا سبب اور ذریعہ بنتا ہے۔ قرآن کی روزانہ تلاوت کثرت سے کرنا۔ جو شخص صبح سورۂ یٰسین کی تلاوت کرتا ہے، اس کو دس قرآن کا ثواب ملتا ہے اور صبح سے شام تک تمام حوادث سے محفوظ ہوجاتا ہے۔ دور دراز سے خواتین نے شرکت کی۔ عالمہ کی دعا پر اجتماع کا اختتام ہوا۔