لکھنؤ 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) الہ آباد ہائی کورٹ نے آج الیکشن کمیشن اور عام آدمی پارٹی کے نام نوٹس جاری کرتے ہوئے اُنھیں 3 ہفتوں کی مہلت دی ہے کہ وہ اپنا جواب داخل کریں۔ نیتک پارٹی نے الہ آباد ہائیکورٹ میں ایک درخواست پیش کی ہے کہ ’’جھاڑو‘‘ اُس کا انتخابی نشان ہے چنانچہ لوک سبھا انتخابات میں یہ نشان اِسی کو مختص کیا جانا چاہئے۔ لکھنؤ ڈیویژن بنچ نے جو جسٹس راجیو شرما اور مہندر دیال پر مشتمل ہے، درخواست گذار چندر بھوشن پانڈے کی سماعت کرتے ہوئے یہ حکم جاری کیا۔پانڈے نے کہاکہ یہ انتخابی نشان اُسے 2012 ء کے اسمبلی انتخابات میں مختص کیا گیا تھا اور پارٹی الیکشن کمیشن کو لوک سبھا انتخابات کے لئے یہی نشان مختص کرنے کی درخواست پہلے ہی پیش کرچکی ہے لیکن قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یہ نشان عام آدمی پارٹی کو دے دیا گیا۔
راہول پر اوپینین پول کے نتائج کانگریس نے مسترد کردیئے
رانچی 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج اوپینین پول کے انتخابی نتائج کو مسترد کردیاجن کے بموجب راہول گاندھی امکانی وزیراعظم کے لئے تیسرا انتخاب ہیں اور کہاکہ یہ نتائج درست نہیں ہیں۔ جنرل سکریٹری کانگریس بی کے ہری پرساد نے ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ سروے کی رپورٹس ہمیشہ اِن کی تائید میں ہوتی ہیں جو پیش قیاسی کرنے والوں کا تقرر کرتے ہیں۔ ہمارے لئے 19 نشستیں حاصل کرنے کی پیش قیاسی کی گئی تھی لیکن ہم نے 39 نشستیں حاصل کیں۔ وہ اخبارات میں شائع شدہ اوپینین پول پر ردعمل ظاہر کررہے تھے جو 8 شہروں میں کیا گیا۔
عام آدمی پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ
نہیں کیا :میدھاپاٹکر
ممبئی 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) سماجی کارکن میدھا پاٹکر نے آج کہا کہ عام آدمی پارٹی میں شمولیت کے تعلق سے انہوں نے ہنوز کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ میدھا پاٹکر نے بتایا کہ سینئر عام آدمی پارٹی لیڈر یوگیندر یادو نے ان سے بات کی اور پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی لیکن اس تعلق سے انہوں نے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ میدھا پاٹکر نیشنل الائنس آف پیپلز موومنٹ کی رکن ہیںجس کا اجلاس 12 جنوری کو ممبئی میں منعقد ہورہا ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر دہلی اور عام آدمی پارٹی کنوینر ارویند کیجریوال کی قیادت کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کو موثر طور پر حل کرنے کیلئے ایک موزوں پلیٹ فارم کرنے کا سہرا کیجریوال کے سر جاتا ہے۔