لکھنو 23 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )دہلی اسمبلی انتخابات میں کامیابی سے حوصلہ پاکر عام آدمی پارٹی سیاسی اعتبار سے اہم ریاست اتر پردیش میں بھی اپنے قدم جمانے کی کوشش کررہی ہے ۔ اسے امید ہے کہ وہ ذات پات پر مبنی سیاست کی جگہ مسائل پر مبنی سیاست کو دے سکے گی ۔ عام آدمی پارٹی کی قومی کونسل کے رکن اور ریاستی ترجمان ویبھو مہیشوری نے کہا کہ لوگوں کا احساس ہے کہ یو پی پر ذات پات کی سیاست کا غلبہ ہے لیکن عاپ ریاست میں امکانات دیکھ رہی ہے ۔ رائے دہندے ہر الیکشن کے بعد حکومت تبدیل کررہے ہیں ۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ وہ یو پی کے عوام کو متبادل سیاست فراہم کریں گے جو صرف مسائل پر توجہ مرکوز کرے گی چاہے اُن کا مذہب یا ذات پات کچھ بھی ہو ۔ پارٹی کی توسیع کے بارے میں انہوں نے کہا کہ فی الحال 72 اضلاع میں عاپ کی کمیٹیاں قائم ہیں جو پانچ حلقوں میں تقسیم کئے گئے ہیں اور ان کی نگرانی ریاستی معتمدی کرتی ہے اور ان سب کمیٹیوں سے تعاون کرتی ہے انہوں نے کہا کہ تنظیم ان 72 اضلاع میں کافی مستحکم موقف رکھتی ہے ۔ پارٹی کی جانب عوام کی رغبت میں اور پارٹی کی رکنیت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد رائے دہندوں میں منفی رجحان پیدا ہوگیا تھا ۔ مہیشوری نے کہا کہ دہلی انتخابات کی وجہ سے وہ یو پی میں تنظیم کی تیاریوں پر زیادہ توجہ نہیں دے سکے ۔ انہوںنے کہا کہ توسیع کا منصوبہ ایک اجلاس میں طئے کیا جائے گا جو ہولی کے بعد منعقد ہوگا ۔